اسلام آباد: (دنیا نیوز) پیپلزپارٹی نے مہنگائی کیخلاف 10 دسمبر سے احتجاج کا اعلان کر دیا۔ شیری رحمان نے کہا کہ حکومت کا گھر جانا ہی اب ملک کے مفاد میں ہے۔
نائب صدر پاکستان پیپلزپارٹی و سینیٹر شیری رحمان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں کم ہو رہی، مگر حکومت نے پیٹرول کی قیمتیں کم نہیں کیں، حکومت فی لیٹر پیٹرول پر 27 اور ڈیزل پر 33 روپے سے زائد ٹیکس وصول کر رہی ہے، اوگرا نے حکومت کو تیل کی قیمتیں کم کرنے کی سفارش کی، لیکن حکومت نے نہیں کی۔
شیری رحمان کا کہنا تھا کہ پیٹرول 5 سے 8 روپے سستا ہو سکتا تھا، حکومت نے پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کیوں نہیں کی ؟ اس کا جواب وزیروں کی فوج کیوں نہیں دے رہی؟ دوسری طرف ہر ماہ بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے، حکومت نے فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کے نرخ 4 روپے 74 پیسے بڑھا دیئے ہیں، جس سے دسمبر میں عوام سے 60 ارب روپے لوٹے جائیں گے۔