چوروں اور لٹیروں کو ہم پر تنقید کرنے کا کوئی حق نہیں پہنچتا: وزیراعلی خیبر پی کے

Published On 02 December,2021 03:22 pm

پشاور: (دنیا نیوز) وزیراعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ ایک نام نہاد لیڈر نے گزشتہ روز میرے اور میرے قائد عمران خان پر تنقید کی جس بندے کو یہ نہیں معلوم کہ آلو کلو کے حساب سے بکتا ہے یا درجن کے حساب سے، وہ ہم پر تنقید کرتا ہے۔

وزیراعلیٰ محمود خان کا بٹگرام میں عوامی اجتماع سے خطاب میں کہنا تھا کہ پشاور اورخیبر پختونخوا کے عوام کا مشکور ہوں جنہوں نے پیپلز پارٹی کو آئینہ دکھا دیا۔ بلاول اس باپ کا بیٹا ہے جو سینما ٹکٹس بلیک میں فروخت کرتا تھا، عمران خان کو سلیکٹڈ کہنے والے خود سلیکٹڈ ہیں جنہوں نے ملک کو بیچ دیا۔ عمران خان وہ نڈر لیڈر ہیں جس نے امریکہ جسی طاقت کو انکار کر دیا، ہم پر بیجا تنقید کرنے والے اپنے گریبان میں جھانکیں اور منہ سنبھال کر بات کریں، اندرون سندھ کے لوگوں کو پینے کا پانی دستیاب نہیں اور وزیر اعلی سندھ پشاور میں جلسہ کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چوروں اور لٹیروں کو ہم پر تنقید کرنے کا کوئی حق نہیں پہنچتا، ہمارا احتساب صرف عوام ہی کر سکتے ہیں،خیبر پختونخوا کے عوام عمران خان سے مطمئن ہیں۔ انشاءاللہ 2023 میں عمران خان دوبارہ وزیراعظم ہونگے، یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ 2018 کے عام انتخابات کی طرح صوبے کے عوام بلدیاتی انتخابات میں بھی عمران خان پر بھر پور اعتماد کا اظہار کریں گے ،جب تک عمران خان ہیں یہ لوگ اقتدار میں نہیں آسکتے۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ عمران خان گزشتہ نالائق حکمران کا گند صاف کر رہے ہیں، ان نالائقوں نے قوم کو غیر ملکی قرضوں میں ڈبو دیا،ان سلیکٹڈ اور نالائق حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے آج قوم کو سخت حالات کا سامنا ہے، عمران خان اقتدار میں آئے تو ملک ڈیفالٹ ہونے سے بچ گیا، عمران خان نے ملک کی معیشت کو صحیح ٹریک پر ڈال دیا، موجودہ حکومت نے 21 ارب ڈالر گزشتہ حکمرانوں کے لئے ہوئے قرضوں کے سود کی مد میں آدا کئے۔

محمود خان نے مزید کہا کہ گزشتہ ادوار میں کسی نے مذہب کے نام پر، کسی نے قومیت کے نام پر اور کسی نے روٹی، کپڑا اور مکان کے نام پر عوام کو دھوکہ دیا، اب قوم نے ان لوگوں کو یکسر مسترد کردیا ہے، یہ کبھی اقتدار میں نہیں آسکتے۔
 

Advertisement