راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک فوج کا ہیلی کاپٹر سیاچن میں گرنے سے 2 فوجی جوان شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق پاک فوج کا ہیلی کاپٹر سیاچن میں گرکر تباہ ہوگیا۔ ہیلی کاپٹر حادثے میں دونوں پائلٹ شہید ہوگئے۔ شہدا میں میجر عرفان برچا اور میجر راجا ذیشان جہانزیب شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سرچ اور ریسکیو ہیلی کاپٹرز اور فوج کے دستے جائے حادثہ پر پہنچ گئے۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد
دوسری طرف وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے سیاچن میں پاکستان آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹر گرنے کے واقعہ پردکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور شہید میجرعرفان برچا اورشہید میجر راجہ ذیشان جہانزیب کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اللہ تعالی شہید میجرعرفان برچا اورشہید میجر راجہ ذیشان جہانزیب کی قربانی قبول فرمائے۔ ہماری تمام دُعائیں اور ہمدردیاں شہداء کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔
واضح رہے کہ 7 اپریل 2012 کو سیاچن میں برف کا تودا گرنے سے 124 فوجی اور 11 شہری شہید ہوئے تھے۔
فواد چودھری
وفاقی وزیراطلاعات فواد حسین چودھری نے سیاچن میں ہونے والے حادثہ پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہااللہ تعالیٰ میجرعرفان اورمیجرراجہ ذیشان جہانزیب شہید کے لواحقین کوصبرجمیل عطا فرمائے،مادروطن پرجان قربان کرنے والے شہدا کوخراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔
مریم نواز
دوسری طرف پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ سیاچن ہیلی کاپٹر حادثے میں پاک فوج کے دو پائلٹ میجر عرفان برچا اور میجر راجہ ذیشان جہانزیب کی شہادت پر دل انتہائی غمزدہ ہے، وطن کے بہادر بیٹوں کو میرا اور قوم کا سلام۔
انہوں نے اپنے ٹویٹ میں لواحقین کے لیے دلی دعائیں بھی کیں۔