الیکشن کمیشن ممبران کی تعیناتی، پارلیمانی کمیٹی کا ان کیمرہ اجلاس پھر بے نتیجہ ختم

Published On 08 December,2021 08:29 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن کے پنجاب اور خیبر پختونخوا کے ممبران کی تعیناتی کے معاملے پر پارلیمانی کمیٹی کا ان کیمرہ اجلاس ایک با رپھر بے نتیجہ ختم ہو گیا۔

وفاقی وزیر شیریں مزاری کی زیر صدارت پارلیمانی کمیٹی کا ایک اور ان کیمرہ اجلاس بے نتیجہ ختم ہو گیا پنجاب اور خیبر پختونخواہ کے ممبران الیکشن کمیشن کی تعیناتی پر اتفاق رائے نہ ہوسکا۔

ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن ممبران کی تعیناتی پر غیر رسمی ذیلی کمیٹی بنا دی گئی ہے۔ کمیٹی میں حکومت کی جانب سے وفاقی وزرا اسد عمر اور فواد چودھری جبکہ اپوزیشن کی جانب سے خواجہ سعد رفیق اور راجہ پرویز اشرف رکن ہوں گے۔ذیلی کمیٹی کا اجلاس آئندہ ہفتے ہوگا۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں وزیر ا طلاعات فواد چودھری نے کہاکہ اجلاس اچھے ماحول میں ہوا، توقع ہے مزید ایک اجلاس میں فیصلہ کر لیں گے۔۔

حکومت نے ممبر الیکشن کمیشن پنجاب کے لیے راجہ عامر خان اور ممبر خیبر پختو نخواہ کے لیے جسٹس ریٹائرڈ اکرام اللہ کے نام جبکہ اپوزیشن نے ممبر پنجاب کے لیے جسٹس ریٹائرڈ طارق افتخار اور ممبر خیبر پختونخواہ کے لیے سہیل الطاف کے نام تجویز کیے تھے۔
 

Advertisement