شہباز شریف کو 50لاکھ روپے منتقل،اورنگزیب بٹ کو دنیا نیوز منظر عام پر لے آیا

Published On 16 December,2021 04:23 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمد شہباز شریف کے بے نامی اکاؤنٹس میں 50 لاکھ روپے منتقل کرنے والے اورنگزیب بٹ کو دنیا نیوز منظر عام پر لے آیا۔

تفصیلات کے مطابق رمضان شوگر ملز منی لانڈرنگ کیس میں بے نامی اکاؤنٹس میں 50لاکھ روپے منتقل کرنے والےمرکزی کردار اورنگزیب بٹ کو دنیا نیوز منظر عام پر لے آیا، اورنگزیب بٹ نے بےنامی اکاؤنٹس کے ذریعے سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کو رقم بھیجی۔

چالان کے مطابق اورنگزیب بٹ نے50لاکھ کی رقوم شہبازشریف کومنتقل کی، ایف آئی اے کی تحقیقات میں اورنگزیب بٹ نے رقوم کی منتقلی کااعتراف کیا، اورنگزیب بٹ کا گجرات کی بیوٹیفکیشن چیئرمین کاغیر قانونی نوٹیفکیشن وزیراعلیٰ نے خودجاری کیا۔ نوٹیفکیشن پر وزیراعلیٰ کے پی ایس او عطاتارڑ کے دستخط موجود ہیں۔

اورنگزیب بٹ کے مطابق میں نے شہباز شریف کو کتنے پیسے دیے یاد نہیں، شہبازشریف پیسے لے کرعہدے نہیں بانٹتے، لیگی صدر کوپارٹی فنڈ کے پیسے بھیجے، ان کے ساتھ لین دین کے معاملات ہیں، سوطرح کے لین دین کے معاملات ہوتے ہیں۔