لاہور: (دنیا نیوز) حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ تین سال سے عوام کو دھوکا دیا جا رہا ہے، معیشت تباہ ہوچکی، مہنگائی نے لوگوں کا جینا حرام کر دیا، پٹرول کی قیمت کم کر کے سیلز ٹیکس بڑھا دیا گیا، عمران خان نے قوم کے ساتھ کھلواڑ کیا، جھوٹے حکمرانوں کا محاسبہ کرنا ہوگا۔
اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی و مسلم لیگ نون کے رہنما حمزہ شہباز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک کلو چینی کیلئے لوگوں کو لائنوں میں لگنے پر مجبور کر دیا گیا، معاشی ماہرین کہہ رہے ہیں پاکستان دیوالیہ ہوچکا، آج یوریا کھاد کی قیمت آسمان سے باتیں کر رہی ہے، آج مریضوں کے پاس دوا خریدنے کے پیسے نہیں ہیں۔
حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ کہتے ہیں گیس صبح، دوپہر، شام آئے گی، کیا قوم بھکاری ہے ؟ عوام کو ایک کروڑ نوکریاں دینے والے ملک میں کیا کر رہے ہیں ؟ پی ٹی آئی حکومت کا چوتھا سال ہے، کہاں ہیں 50 لاکھ گھر ؟ عمران نیازی کو بنی گالہ میں بیٹھ کر غریب کے دکھ نظر نہیں آتے، نواز شریف نے ملک کو ایٹمی قوت بنایا، ہم نے ضرب عضب سے ملک کو امن کا گہوارہ بنایا۔