دھند کے باعث لاہور سیالکوٹ موٹروے بند کر دی گئی

Published On 14 December,2021 11:43 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور اور گردونواح میں دھند چھا گئی۔ دھند کے با عث لاہور سیالکوٹ موٹروے بند کر دی گئی۔

دھند کے پیش نظر شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر وارڈنز کی نفری میں اضافہ کر دیا گیا۔ بابو صابو، ٹھوکر نیاز بیگ، شاہدرہ چوک، پرانے راوی پل پر وارڈنز کی نفری بڑھا دی گئی۔ سی ٹی او کی ڈی ایس پی شاہدرہ کو راوی پل کا وزٹ اور موثر اقدامات کرنے کی ہدایت، ڈی ایس پی صدر کو بابو صابو چوک اور ٹھوکر نیاز کا وزٹ اور موثر اقدامات کرنے کی ہدایت کر دی۔

سی ٹی او لاہور منتظر مہدی کا کہنا ہے کہ دھند کے باعث شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر غیر معمولی ٹریفک کا لوڈ رہے گا۔ ایمرجنسی کی صورت میں گاڑی کو انتہائی بائیں سائیڈ پر پارک کریں۔ شہری راہنمائی اور مدد کے لئے ہیلپ لائن 15 پر کال کر سکتے ہیں۔ شہریوں کو راستہ ایپ اور ایف ایم 88.6 سے دھند کے بارے ہمہ وقت آگاہ رکھا جائے۔

گلیات میں برفباری نے رنگ جما دیا، ضلع باغ میں لینڈ سلائیڈنگ سے رابطہ سڑکیں بند

دوسری طرف گلیات میں کہیں بارش تو کہیں برفباری،سردی کی شدت میں اضافہ، کئی علاقے سیاحوں کے لئے بند کر دیئے گئے۔ ملکہ کوہسار مری میں ہلکی برفباری اور ژالہ باری سے سردی کی شدت میں اضافہ ، سڑکیں سفید ہوگئیں۔ مری میں سیاحوں نےے ڈیرے ڈال لئے۔ ایوبیہ، نتھیا گلی، چھانگلہ گلی اور مشک پوری کی پہاڑی چوٹیوں پر بھی برفباری ہوئی۔

بٹگرام کے میدانی علاقوں میں بارش، پہاڑوں پر برفباری، سردی کی شدت میں اضافہ، سرد ہوائیں چلنے لگیں۔آزاد کشمیر کے ضلع باغ میں بارش اور برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا جبکہ لینڈ سلائیڈنگ اور برفباری سے بیشتر رابطہ سڑکیں بند ہو گئیں۔

باغ کے بالائی مقامات ،درہ حاجی پیر، نیزہ گلی ، سدھن گلی، گنگاچوٹی اور دیگر مقامات پر برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔

ناران ،کاغان میں بھی بارش اور برفباری سے رابطہ سڑکیں بند ہو گئیں، ضلعی انتظامیہ نے ناران شہر میں سیاحوں کی آمدو رفت پر مئی تک پابندی عائد کر دی۔ ناران میں تمام ہوٹلز اور مارکیٹیں مکمل بند کر دی گئیں۔ ناران بابوسر ٹاپ کے سفر پر بھی پابندی عائد، سیاح شوگراں اور کاغان تک محدود ہو گئے۔ انتظامیہ نے ناران میں بجلی، پانی ، ہسپتال اور موبائل سروس بند کر دی ،علاقہ مکین دوسرے علاقوں میں منتقل ہو گئے۔