لاہور: (دنیا نیوز) موٹروے پر ایم ٹیگ کی پابندی کے بعد گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں، ایم ٹیگ کے حصول کے لیے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
موٹر وے پولیس کا ایم ٹیگ کے بغیر گاڑیوں کیخلاف کریک ڈاؤن، ایم ٹیگ کے بغیر گاڑیوں کو موٹر وے میں داخل ہونے سے روکا جانے لگا۔ ٹیگ لگوانے والوں کی ایم ٹیگ کے بوتھوں پر قطاریں لگ گئیں جس سے اپنی منزل پر بروقت اور ایمر جنسی میں پہنچنے والوں کے لیے پریشانی کا سامان ہو رہا ہے۔
مسافروں کا کہنا ہے کہ جس طرف بھی جائیں وہاں لمبی لمبی قطاریں استقبال کرتی ہیں، لاہور اسلام آباد موٹر وے کے تمام بوتھ رش سے بھرے ہیں، ایک ایم ٹیگ لگوانے میں 2 سے 3 گھنٹے لگ رہے ہیں، بہت سے لوگوں کو ایمرجنسی جانا ہوتا ہے مگر اجازت نہیں دی جا رہی۔ موٹروے پولیس نے ٹول پلازوں پر رش کم کرنے کے لیے ایم ٹیگ لازم قرار دیا ہے۔ گاڑی کےسٹیکر کا سٹیٹس بھی چیک کیا جا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ موٹر وے پر کسی بھی ٹول پلازہ پر ایم ٹیگ بوتھ سے ٹیگ مل سکتا ہے، ایم ٹیگ کے حصول کے لیے 3 چیزیں ہونا ضروری ہے،قومی شناختی کارڈ، ڈرائیونگ لائسنس اور گاڑی کی رجسٹریشن دکھانا ہو گی۔