لاہور:(دنیا نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کےچیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے دعویٰ کیا ہے کہ پنجاب میں اپنا کھویا ہوا مقام جلد حاصل کرلیں گے۔
بلاول بھٹو زرداری نے رہنماؤں اور عہدیداروں سے ملاقاتیں کی اورسیاسی صورتحال اور بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں پر بات چیت کی۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے صدر پیپلز پارٹی سٹی گوجرانوالہ میاں ودود حسن ڈار نے بلاول ہاؤس لاہور میں خصوصی ملاقات کی،ملاقات میں ملک کی سیاسی و معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
بلاول بھٹونے میاں ودود حسن ڈار کو سٹی گوجرانوالہ سمیت پنجاب بھر میں پیپلز پارٹی کی بحالی کے لیے کام کرنے پر مبارکباد دی،این اے 133کے ضمنی الیکشن میں یوسی 229 میں بہترین کارکردگی پر شاباش بھی دی اور کہا کہ میاں ودود حسن ڈار جیسے ورکروں کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے شہر لاہور کو جیتنا ہے،جس نےکبھی بھی جئےبھٹوکا نعرہ لگایا اس کوساتھ ملائیں گے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا روٹی، کپڑا اور مکان کا نعرہ آج بھی اتنے ہی معنی رکھتا ہے جتنا 70 کی دہائی میں اہم تھا، پیپلزپارٹی ہی پنجاب کے عوام کو روزگار دے سکتی ہے،کسی سے ذاتی لڑائی نہیں ہمارا مقصد عوام کو بنیادی حقوق دلوانا ہے۔
میاں ودود حسن ڈار نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو گوجرانوالہ سٹی آنے کی دعوت بھی دی۔