لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے اشاروں پر بجلی مہنگی کرکے عمران خان مقامی سے ایک عالمی کٹھ پتلی کا روپ دھار چکے ہیں۔
وفاقی حکومت کی طرف سے بجلی کی قیمت میں 4 روپے 74 پیسے اضافے کی خبر پر رد عمل دیتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین کا کہنا تھا کہ بجلی کی قیمتوں میں سالانہ اضافے کے بعد فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز کی مد میں بجلی مزید مہنگی کرنا عوام کا معاشی قتل ہے، نومبر کے بلوں سے بجلی کی قیمتوں میں سالانہ اضافہ کر کے عوام کی جیبوں پر پہلے ہی اربوں روپوں سے زائد کا ڈاکا مارا گیا۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے اشاروں پر بجلی مہنگی کرکے عمران خان مقامی سے ایک عالمی کٹھ پتلی کا روپ دھار چکے ہیں، پہلے دن سے ہم نے پی ٹی آئی ایم ایف بجٹ کے خلاف آواز بلند کی، آج کہاں گئے معاشی ترقی کے وہ بڑے بڑے دعوے؟
بلاول کا کہنا تھا کہ عوام کو مہنگائی کی دلدل میں دھکیلنے والے عمران خان قوم کے مجرم ہیں، ہم انہیں معاف نہیں کریں گے، پیپلزپارٹی 10 دسمبر کو مہنگائی کے خلاف ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کرے گی، مہنگائی کے خلاف پیپلزپارٹی کے احتجاج کے تسلسل موجودہ حکومت کے خاتمے تک جائے گا۔
دوسری طرف لاہور میں عہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ این اے 133کے ضمنی الیکشن میں شاندار کارکردگی دکھانے والے کارکن تعریف کے مستحق ہیں۔ ہر مقابلے میں انشا اللہ جیت کیلیے اتریں گے۔ پیپلز پارٹی کو پنجاب میں وارڈ کی سطح پر منظم کرینگے۔ مہنگائی مکاؤ مارچ کو خود مانیٹر کرونگا۔ ضمنی الیکشن میں شاندار کارکردگی دکھانے والوں سے بھی ملونگا۔