بجلی 1 روپے 68 پیسے فی یونٹ مزید مہنگی کرنے کی تیاری

Published On 02 November,2021 04:17 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیپرا نے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں ایک روپے 68 پیسے فی یونٹ تک اضافے کی درخواست پر سماعت مکمل کرلی، اضافے کی صورت میں بجلی کا اوسط ٹیرف 15 روپے 36 پیسے فی یونٹ ہوجائے گا۔

تفصیلات کے مطابق ملک بھر کے بجلی صارفین کے لیے بُری خبر ہے، حکومت کی جانب سے بجلی 1 روپے 68 پیسے فی یونٹ مزید مہنگی کرنے کی تیاری کر لی گئی، ،نیپرا نے سماعت مکمل کرلی، حتمی منظوری نیپرا کی جانب سے ڈیٹا کے جانچ پڑتال کے بعد دی جائےگی۔

سماعت کے موقع پر چیئرمین نیپرا نے کہا کہ اضافے سے غریب عوام پر مزید بوجھ پڑے گا، بہتر ہے حکومت ایک بار نظرثانی کرلے، آپ کو 300 یونٹ والے صارفین کا تحفظ کرناچاہئے تھا۔

دوران سماعت پاور ڈویژن حکام نے بتایا کہ ٹیرف میں اضافہ نہ کرنے سے حکومت کو185ارب روپے کی سبسڈی دینی پڑرہی ہے،گھریلو صارفین کے لیے بجلی 1 روپے 68 پیسے مہنگی کی جائے، انڈسٹری پر اتنازیادہ بوجھ نہیں ڈالنا چاہتے کہ وہ لاگت میں اضافے سے مقابلے کی دوڑ سے باہر ہوجائیں۔انڈسٹری کے لیے بجلی کی قیمت میں 1 روپے 39 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی ہے ۔ دوسرے مرحلے میں سبسڈی میں مزید کمی کرکے اسے ٹارگیٹیڈ کیاجائے گا۔

دوسری جانب کے الیکٹرک صارفین کے لیے ستمبر کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 3 روپے 45 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست کی سماعت بدھ کو ہوگی ۔
 

Advertisement