صارفین کو 30 کے بجائے 35 دنوں کے بل بھیجنے کا انکشاف

Published On 30 September,2021 04:37 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیپرا سماعت میں صارفین کو 30 کے بجائے 35 دنوں کے بل بھیجنے کا انکشاف ہوا ہے۔ سی ای او میپکو نے کہا مئی میں کورونا اور عید کی چھٹیوں کی وجہ سےزیادہ دنوں کی ریڈنگ لی گئی۔ چئیرمین نیپرا کہا حکومت نے کب کہا تھا چھٹیوں میں ضروری سروسز بند کردیں؟ کیا چھٹیوں میں فوجی بارڈرچھوڑ کر واپس آگئے تھے ؟

 

نیپرا نے اس معاملے پر آج آن لائن سماعت کی جس میں دلچسپی رکھنے والے افراد کو بھی سماعت میں شریک ہونے کی دعوت دی گئی تھی۔ نیپرا اتھارٹی کی جانب سے سماعت کے بعد اس حوالے سے فیصلہ محفوظ کیا گیا ہے۔

تحقیقات مکمل ہونے کے بعد جامع فیصلہ جاری کیا جائے گا۔ تحقیقات میں صارفین کو ہونے والے نقصان کا تخمینہ لگایا جائے گا اور ذمہ داروں کا تعین کیا جائے گا۔حتمی فیصلے میں خلاف ورزی کرنے والی کمپنیوں کو جرمانے تک کئے جانے کا امکان ہے۔

سماعت کے دوران ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو) اور کے الیکٹرک نے اوور بلنگ کا اعتراف کرلیا ہے۔ کے الیکٹر ک کمپنی کے سی ایف او نے 34 دنوں تک اوور بلنگ کا اعتراف کیا ہے۔ جبکہ میپکو کے سی ای او نے بھی صارفین کو 30 کی بجائے 35دن کے بل بھیجنے کا اعتراف کر لیاہے۔

میپکو نے اعتراف کیا کہ اضافی یونٹ ڈالنے سے سلیب بڑھ گئے جسکے باعث شہری کو ہزاروں روپے کا ٹیکہ لگایا گیا۔ سی ای او میپکو نے کہا مئی میں کورونا اور عید کی چھٹیوں کی وجہ سےزیادہ دنوں کی ریڈنگ لی گئی تھی۔

چیئرمین نیپرا نے پوچھا کہ حکومت نے کب کہا تھا کہ چھٹیوں میں ضروری سروسز بند کردیں ؟کیا چھٹیوں میں فوجی بارڈرچھوڑ کر واپس آگئے تھے ؟انہوں نے کہا کہ ہم نے انصاف کرنا ہے اور صارفین کو اوور بلنگ کا نقصان کون پورا کرے گا؟۔