اسلام آباد: (دنیا نیوز) عوام کے لیے بری خبر ہے، بجلی 1 روپے 47 پیسے فی یونٹ مہنگی ہونے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کی طرف سے ایک مرتبہ پھر بجلی مہنگی کیے جانے کا امکان ہے، بجلی 1 روپے 47 پیسے فی یونٹ مہنگی ہو سکتی ہے، سی پی پی اے نے جولائی کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں درخواست دائر کردی۔ نیپرا یکم ستمبر کو درخواست پر سماعت کرے گا۔
سی پی پی اے کے مطابق جولائی میں مجموعی طور پر 15 ارب 21 کروڑ یونٹس بجلی پیدا کی گئی۔ جولائی میں ہائیڈل سے 29.94 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔ کوئلے سے 15.29 فیصداور مہنگے فرنس آئل سے 10.28 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔
سی پی پی اے کے مطابق جولائی میں مقامی گیس سے 8.68 اور درآمدی ایل این جی سے 20.01 فیصد بجلی پیدا کی گئی، جولائی میں ایٹمی ذرائع سے 10.59 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔ جولائی کے لئے ریفرنس فیول لاگت 5 روپے 27 پیسے فی یونٹ مقرر تھی ۔ جولائی میں بجلی پیداواری لاگت 6 روپے 74 پیسے فی یونٹ تھی۔