کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے شہری بجلی کے بڑے جھٹکے سے بچ گئے، نیپرا نے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ اور سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں 6 روپے 32 پیسے اضافے پر فیصلہ موخر کردیا۔
کے الیکٹرک نے ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ اور سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں 6 روپے 31 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی تھی، ماہانہ ایڈجسٹمنٹس کی مد میں بجلی 5 روپے 95 پیسے اورسہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کیلئے بجلی 36 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست دائر کی گئی تھی۔
سماعت کے دوران چیئرمین نیپرا نے کہا کہ یہ بوجھ بہت زیادہ ہے اس سے صارفین متاثر ہوں گے، مئی اور جون کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی درخواستیں بھی جمع کرائیں، انھوں نے کہا کہ مئی، جون کی ایڈجسٹمنٹس سے صارفین پر کم بوجھ پڑے گا۔
چئرمین نیپرا کا مزید کہنا تھا کہ جولائی میں دوبارہ سماعت ہو گی جس میں حتمی فیصلہ کریں گے، کے الیکڑک کی جانب سے جنوری 2021 کی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 1روپے 97 پیسے مہنگی کرنے کی درخواست تھی، فروری کی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 2 روپے 49 پیسے، مارچ کیلئے بجلی کی قیمت میں 1 روپے 49 پیسے اضافے کی درخواست تھی، کے الیکڑک نے اپریل 2021 کی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں 86 پیسے کمی کی استدعاکی تھی۔