لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پنجاب کے عوام کا مسلسل استحصال کیا جارہا ہے، ظلم و جبر کا سلسلہ اب نہیں چلے گا۔
چیئرمین پی پی پی کی سربراہی میں این اے 133 کی انتخابی مہم کے حوالے سے قائم کوآرڈینیشن کمیٹیوں کے اراکین کا اجلاس ہوا، اجلاس کے دوران این اے 133 کے حلقے کے زون 166 اور 168 کی یوسیز کوآرڈینیٹرز، یوسی صدر، جنرل سیکرٹری سمیت دیگر اراکین نے اپنی کارکردگی سے آگاہ کیا۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے این اے 133 کے ضمنی انتخابات میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر جیالوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ صوبے کے عوام کا مسلسل استحصال کیا جارہا ہے، ظلم و جبر کا سلسلہ اب نہیں چلے گا، پیپلزپارٹی عام انتخابات میں لاہور سمیت پنجاب میں سرپرائز دے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے عوام کے مسائل کا واحد حل پیپلزپارٹی کے پاس ہے، جلد پنجاب کے تمام اضلاع کا تفصیلی دورہ کروں گا۔