اسلام آباد: (دنیا نیوز) بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان کو عوامی حمایت کے بغیر وزیراعظم رہنے کا کوئی حق نہیں۔
تفصیلات کے مطابق مہنگائی، بیروزگاری، پٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے خلاف ملک بھر میں آج پیپلزپارٹی کی جانب سے احتجاجی مظاہرے اور دھرنے دیئے گئے، مظاہرین نے وفاقی حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
کراچی میں سعید غنی نے مظاہرین سے خطاب میں کہا ملک میں ہوشربا مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے عمران خان یوٹرن اور وعدہ خلافیوں کے ریکارڈز بنا رہے ہیں جبکہ ایم کیوایم والوں کو اقتدار کا چسکا لگ چکا ہے۔
علاوہ ازیں سکھر میں دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا اب عوام کو سڑکوں پر آنا ہوگا مسئلہ تب حل ہوگا جب لوگ کہیں گے ہمیں پرانا پاکستان چاہیے۔
احتجاج میں پی پی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان آج دیکھ لیں، پورے پاکستان میں احتجاجی مظاہرے ہورہے ہیں۔
کامیاب احتجاج کے بعد اپنے ایک بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف ملک بھر میں احتجاج کرنے پر عوام سے تشکر کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے خلاف احتجاج کے لئے میری اپیل پر پاکستان کے عوام نے ملک بھر میں مظاہرے کرکے حکومت کے خلاف اپنا فیصلہ سنادیا۔ ملک کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہروں کے انعقاد پر پی پی پی کی مقامی تنظیموں اور جیالوں کا بھی شکرگزار ہوں۔ پنجاب، وسیب، خیبرپختونخوا، بلوچستان، سندھ، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں مہنگائی کے خلاف عوامی مظاہرے حکومت کے خلاف چارج شیٹ ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام عمران خان کے ساتھ نہیں کھڑے، عمران خان کو عوامی حمایت کے بغیر وزیراعظم رہنے کا کوئی حق نہیں۔ آئی ایم ایف کے اشاروں پر عمران خان کی جانب سے مسلسل مہنگائی میں اضافہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔