سردی کی شدت بڑھتے ہی لاہور کے علاقے شادباغ میں گیس نایاب ہو گئی

Published On 17 December,2021 12:55 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سردی کی شدت بڑھتے ہی گیس کی لوڈ شیڈنگ نے عوام کو پریشان کر کے رکھ دیا۔ لاہور کے علاقے شادباغ میں گیس نایاب ہو گئی۔ علاقہ مکینوں نے ایل پی جی سلنڈر اور نان ہاتھوں میں اٹھا کر گیس لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاج کیا۔

سردی نے اپنا رنگ دکھایا تو گیس لوڈشیڈنگ نے بھی تگنی کا ناچ نچایا۔ لاہور کے مختلف علاقوں میں گیس کی لوڈ شیڈنگ صارفین کے لئے اذیت بن گئی۔ شادباغ اور گردونواح کے علاقوں سے سوئی گیس غائب ہوگئی۔ شادباغ کے رہائشیوں نے گیس لوڈشیڈنگ کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ علاقہ مکینوں نے گیس سلنڈر اور نان ہاتھوں میں اٹھا کر خوب نعرے بازی کی۔

شادباغ کے مکینوں کا کہنا ہے کہ گیس کی عدم دستیابی کا مسئلہ کئی سال پرانا ہے، موسم سرما کے آتے ہی گیس کی لوڈ شیڈنگ شروع ہو جاتی ہے، ناشتہ اور کھانا تو دور کی بات چائے بنانے کے لئے بھی گیس دستیاب نہیں ہوتی۔

شمالی لاہور کے علاقے سلطان پورہ، چمڑہ منڈی، عمر پورہ، وسن پورہ اور عامر روڈ بھی گیس لوڈ شیڈنگ سے شدید متاثر ہیں۔ علاقہ مکینوں نے حکومت سے گیس کی لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
 

Advertisement