گوادر: (دنیا نیوز) گوادر میں دھرنے میں پیسے تقسیم کرنے پر وزیراعلیٰ بلوچستان عبد القدوس بزنجو کی نا اہلی کے لیے بلوچستان ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی ہے۔
خیال رہے کہ جمعرات کو گوادر کو حق دو تحریک نے 31 دنوں سے جاری احتجاجی دھرنا وزیراعلیٰ عبدالقدوس بزنجو سے مذاکرات کامیاب ہونے پر ختم کردیا تھا۔ اس کے بعد سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وزیراعلیٰ شرکاء میں پیسے تقسیم کر رہے ہیں۔
سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر امان اللہ کنرانی کی جانب سے دائر کی گئی آئینی درخواست میں عدالت سے وزیراعلیٰ بلوچستان کو نااہل قرار دینے کی اپیل کی گئی ہے۔
امان اللہ کنرانی کا مؤقف ہے کہ سپریم کورٹ نے فیض آباد دھرنے سے متعلق فروری 2019 میں اپنے فیصلے میں پیسے کی اس طرح تقسیم کے عمل کو غیر قانونی قرار دیا ہے۔ وزیراعلیٰ آئین کے آرٹیکل پانچ کے تحت آئین کی وفاداری کا حلف لیتا ہے اور آئین کے آرٹیکل 189 کے تحت وزیراعلیٰ سپریم کورٹ کے فیصلوں کی پاسداری کا پابند ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ عبدالقدوس بزنجو نے گوادر میں دھرنے کے اختتام پر خواتین اور بچوں میں پیسے تقسیم کر کے آئین اور سپریم کورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی کی ہے۔ اس لیے آئین کے آرٹیکل 5، 63، 189 اور آرٹیکل 204 کے تحت عبدالقدوس بزنجو کو بلوچستان اسمبلی کی نشست سے نا اہل قرار دیا جائے۔