وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ اور دیگر مقامات پر کنٹرول روم قائم ، سنگین واقعات نہیں ہوئے: محمد علی سیف

Published On 19 December,2021 03:40 pm

پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا حکومت کے ترجمان بیرسٹرمحمد علی سیف نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ اوردیگر اہم مقامات پر کنٹرول روم قائم ہیں،سنگین نوعیت کے واقعات نہیں ہوئے۔ آئی جی معظم جاہ انصاری کہتے ہیں ڈی آئی خان واقعہ کے محرکات کا جائزہ لے رہے ہیں،اے این پی کوٹارگٹ کرنےکی کوئی وجوہات سامنےنہیں آئیں۔

معاون خصوصی اطلاعات بیرسٹرمحمد علی سیف ،چیف سیکرٹری ڈاکٹر شہزاد بنگش اور آئی جی معظم جاہ انصاری نے مشترکہ پریس کانفرنس کی، معاون خصوصی اطلاعات کا کہنا تھا کہ انتخابات کے دوران آرمی اور ایف سی بیک اپ میں موجود ہے، بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں ابابیل فورس الرٹ ہے، پولنگ سٹیشن سے براہ راست رابطہ کیا ہے، 77 ہزار سے زائد پولیس اہلکار فرائض انجام دے رہے ہیں۔

بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ 9 ہزار 232 پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے ہیں، وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ اور دیگر اہم مقامات پر کنٹرول روم قائم ہیں، سنگین نوعیت کے واقعات نہیں ہوئے، عملے کی تعیناتی الیکشن کمیشن کا کام ہے،سیاسی پوائنٹ سکورنگ کے لئے واقعات اچھالےجارہے ہیں،ڈیرہ اسماعیل خان میں آفسوناک واقعہ ہے،جس کی تحقیقات کررہے ہیں۔

آئی جی معظم جاہ انصاری کا کہنا تھا کہ انتخابی عمل خوش اسلوبی سے جاری ہے،کنٹرول روم قائم ہے، تمام اضلاع منسلک ہیں،آرمی اور ایف سی بیک اپ میں موجود ہے،حکومت نے تمام تر انتظامات مکمل کئے ہوئے ہیں، تمام محکمے ایک ہی پیج پر ہیں۔
 

Advertisement