پی ٹی وی کیس:پرویز رشید،اسحاق ڈارسمیت دیگر سے ریکوری کا حکم

Published On 24 December,2021 06:14 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) ہائیکورٹ نے پی ٹی وی ریکوری کیس میں پرویز رشید ، اسحاق ڈار، عطاالحق قاسمی اور فواد حسن فواد سے ریکوری کا حکم دے دیا ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسسٹس محسن اختر کیانی نے پی ٹی وی ریکوری عملدرآمد کیس کا فیصلہ سنادیا ہے ۔ اپنے فیصلے میں عدالت نے کہا کہ ریکوری کر کے تین ماہ کے اندر رپورٹ جمع کرائی جائے، 19 کروڑ ریکوری کے سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کیا جائے اورڈسٹرکٹ کلیکٹر اسلام آباد قانون کے مطابق ریکورے کرے۔

عدالت نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق ریکوری یقینی بنائی جائے، لینڈ ریونیو ایکٹ کے تحت پی ٹی وی رقوم ریکور کر سکتا ہے، ریکوری کی تمام درخواستیں ڈسٹرکٹ کلیکٹر کو بھیجی جائیں اورریکوری پر عملدرآمد کیلئے دائر درخواستیں نمٹائی جاتی ہیں۔

خیال رہے کہ عطا الحق قاسمی تعیناتی کیس کا سپریم کورٹ نے8نومبر 2018 کو فیصلہ سنایا تھا ، سپریم کورٹ نے پی ٹی وی کے 19 کروڑ کی ریکوری کا حکم دیا تھا، پی ٹی وی نے فیصلے پر عملدرآمد کیلئے ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا ۔

عطا الحق قاسمی نے کُل رقم کا پچاس فیصد ادا کرنا تھا،پرویز رشید اور اسحاق ڈار نے بیس بیس فیصد ادائیگی کرنی تھی جبکہ فواد حسن فواد کے ذمے دس فیصد رقم کی ادائیگی تھی۔
 

Advertisement