اسلام آباد: (دنیا نیوز) سینیٹ نے خودکشی کو ذہنی بیماری قرار دینے سے متعلق بل رہنمائی کے لئے اسلامی نظریاتی کونسل کو بھجوا دیا۔ ایوان نے الیکٹرک وہیکلز کو دیگر ممالک کی طرح مراعات دینے کی قرارداد اور اسلام آباد تحدید کرایہ آرڈیننس 2001 میں مزید ترمیم کے بل کی منظوری دی جبکہ کئی بل متعلقہ کمیٹیوں کو بھجوا دیئے۔
سینیٹ کا اجلاس چیئرمین صادق سنجرانی کی صدارت میں ہوا۔ مجموعہ ضابطہ فوجداری 1898 میں مزید ترمیم کا بل سینٹر شہادت اعوان نے پیش کیا اورکہا کہ خودکشی کی۔۔ کوشش جرم نہیں ایک بیماری ہے۔
کامران مرتضی، عبدالغفور حیدری اور دیگر نےکہا کہ وزیرپارلیمانی امورعلی محمد خان نے بتایا کہ خود کشی جیسے انتہائی اقدام کی طرف جانے والےکو ذہنی مسائل ہوتے ہیں ۔یہ چیز اسلامی قوانین سے متعلق ہے ذہنی طور پر صحت مند شخص خودکشی نہیں کرتا ۔دیکھنا ہوگا خودکشی کی کوشش کرنے والے شخص کے لئے سزا ختم کرنے سے کہیں زیادہ شہ تو نہیں ملے گی ۔اس بل کا منفی اور سائنسی پہلو ہیں۔
قائد ایوان شہزاد وسیم اور سینیٹر فیصل جاویدنے کہا کہ اس بل پر علماء کے ساتھ ساتھ سائنسی لوگوں سے رائے لینی چاہئے ۔سینٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ دنیا کےاسی فیصد ممالک ایسے قانون کو ختم کرچکے ہیں۔
سینٹر محسن عزیز کا کہنا تھا کہ ذہنی بیماری کی کوئی بھی وجوہات ہوسکتی ہیں۔ خودکشی کا رجحان صرف غریب نہیں امیر ممالک میں بھی ہے۔
چئیر مین سینٹ نے کہا کہ اسلامی نظریاتی کونسل کی رائے کے بعد بل کمیٹی میں زیر بحث لایا جائے۔فاٹا کو کے پی کا دیہی علاقہ قرار دینے کی قرارداد پر چئیرمین نے صوبائی حکومت سے رائے لینے کی ہدایت کی۔