اسلام آباد: (دنیا نیوز) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس سے سینیٹر شیری رحمان واک آؤٹ کرگئیں۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین کمیٹی نے میک اپ پر ٹیکس بڑھانے کا مطالبہ کر کے غیر سنجیدہ ریمارکس دیئے، منی بجٹ سے مہنگائی کا نیا آتش فشاں پھٹے گا۔
چئیرمین طلحہ محمود کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس ہوا، چیئرمین کمیٹی نے میک اپ پر ٹیکس بڑھانے کا مطالبہ کیا، جس پر سینیٹر شیری رحمان برا مان گئیں اور اجلاس سے احتجاجاً واک آؤٹ کر دیا۔
میڈیا سے گفتگو میں شیری رحمان نے کہا کہ چیئرمین کمیٹی کے ریمارکس غیر سنجیدہ ہیں، مشیر خزانہ کے نہ آنے کی وجہ سے آج پھر ایجنڈا موخر کرنا پڑا، منی بجٹ سے مہنگائی کا نیا طوفان آئے گا۔
چیئرمین کمیٹی سینیٹر طلحہ محمود نے کہا کہ خزانہ کمیٹی کو پارٹی مفادات کے مطابق چلانے کی کوشش کی جا رہی ہے، یہ کمیٹیاں کسی کی ذاتی جائیداد نہیں ہے، عوام کی بہتری کے فیصلے کرنے کے پابند ہیں۔
کمیٹی اجلاس میں حکومتی سینیٹر فیصل الرحمان اور شیری رحمان کے درمیان بھی تلخ کلامی ہوئی، فیصل الرحمان نے کہا کہ آئی ایم ایف سے سب سے زیادہ پروگرام پیپلزپارٹی نے لیے، موجودہ حکومت ان کے مہنگے قرضے واپس کر رہی ہے۔