کراچی: (دنیا نیوز) سعید غنی نے ایم کیو ایم پاکستان کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بجلی، گیس اور پٹرول مہنگا ہونے پر ایم کیو ایم کی آواز نہیں نکلتی، تاہم نئے بلدیاتی ترمیمی بل پر احتجاج کر رہے ہیں، کراچی میں لگائے گئے بینرز محبت کا پرچار نہیں کر رہے۔
وزیراطلاعات سندھ سعید غنی نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گیس کی قلت کے باعث لوگ ناشتہ نہیں بناسکتے، بچے اسکول جانے سے قاصر ہیں، گیس کی قلت پر ایم کیو ایم کی آواز نہیں نکلتی، ایم کیو ایم کراچی اور حیدرآباد کی ٹھیکیدار بنی ہوئی ہے، کراچی کے لوگوں کیلئے بجلی مہنگی کر دی گئی، سندھ کے لوگوں کے ساتھ زیادتی ہو رہی ہے۔
سعید غنی کا کہنا تھا کہ مہنگائی آسمان کو چھو رہی ہے، مہنگائی کے بجائے بلدیاتی آرڈیننس بل کیخلاف احتجاج ہو رہا ہے، سندھ پاکستان میں سب سے زیادہ گیس پیدا کر رہا ہے، یہی صورتحال رہی تو پتھروں اور لکڑیوں کا زمانہ آ جائے گا، عوامی مسائل پر ایم کیو ایم کے منہ سے ایک لفظ نہیں نکلتا، بجلی مہنگی ہونے سے کراچی والوں پر سوا 7 ارب کا بوجھ پڑے گا، لوگوں کو دھوکا دینے کی سیاست ختم ہونی چاہیئے، ایم کیو ایم ڈرامے بازی کیلئے بیان دیتی ہے کہ وزارت چھوڑ دیں گے۔