کراچی: (دنیا نیوز) سندھ کے وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ کہتے ہیں کہ ایم کیو ایم ریلی میں امین الحق کا خطاب ان کی مایوسی کا نتیجہ تھی، امین الحق سندھ کو توڑ کر نیا صوبہ بنانے والی سیاست بند کریں۔
ایم کیو ایم کی گذشتہ روز احتجاجی ریلی کے خطاب پر ردعمل میں ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ایم کیو ایم کے وزرا کو ڈیلی ویجز وزا کی حیثیت میں رکھا ہے، ان وزرا کی وفاق میں کوئی حیثیت نہیں ہے، ایم کیو ایم نے متنازع مردم شماری کو قبول کر کے قومی جرم کیا، ایم کیو ایم نے چند وفاقی وزارتیں لے کر کراچی کی عوام کا سودا کیا ہے، ایم کیو ایم کو مشرف کے بلدیاتی نظام کے ٹاؤن قبول تھے مگر پیپلز پارٹی کے نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کا اصل خواب بلدیاتی نظام پر قبضہ ہے جس سے وہ بھتہ خوری کر سکیں، آج کے ایم سی کے اساتذہ، ڈاکٹرز اور دیگر سٹاف پینشن سے بھی محروم ہیں، سندھ حکومت کے فیصلے سے کے ایم سی کے سکول اور ہسپتالوں کا عملہ بے حد خوش ہے ، ایم کیو ایم والے توصحت اور تعلیمی اداروں کے عملے کا پینشن فنڈ بھی کھا گئے، اب کراچی کے عوام پیپلز پارٹی کے ساتھ ہیں اور رہیں گے، آپ کوئی اور کام کریں۔