سینیٹ انتخاب: شوکت ترین کاغذات نامزدگی منظور ہونے کیخلاف اپیل پر فیصلہ محفوظ

Published On 09 December,2021 11:11 am

پشاور: (دنیا نیوز) الیکشن ٹریبونل نے صوبائی الیکشن کمیشن کے تحریک انصاف کے سینیٹ امیدوار شوکت ترین پر اعتراضات مسترد کرنے کے خلاف اپیل پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے تحریک انصاف کے امیدوار اور مشیر خزانہ شوکت ترین کے کاغذات نامزدگی پر اعتراضات کو مسترد کرنے کے فیصلے کے خلاف الیکشن ٹربیونل میں سماعت ہوئی۔ اے این پی کے امیدوار شوکت امیرزادہ کے وکیل نے ٹریبونل کو بتایا کہ الیکشن شیڈول جاری ہونے پر ووٹر لسٹ منجمد ہو جاتی ہے، شوکت ترین کا ووٹ الیکٹورل رول میں درج نہیں، شوکت ترین کے پی سے سینیٹ الیکشن نہیں لڑسکتے۔

شوکت ترین کے وکیل کا کہنا تھا کہ سینیٹ کے لئے الیکشن کمیشن کا ووٹ سرٹیفکیٹ ہی کافی ہوتا ہے۔ الیکشن ٹربیونل نے دلائل کے بعد اپیل پر فیصلہ محفوظ کرلیا، جو آج سنائے جانے کا امکان ہے۔

خیال رہے اے این پی کے سینیٹ امیدوار شوکت امیرزادہ نے تحریک انصاف کے امیدوار شوکت ترین کے کاغذات نامزدگی کے خلاف الیکشن ٹریبونل سے رجوع کیا ہے۔

صوبائی وزیر کامران بنگش کا الیکشن ٹریبونل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے امیدوار شوکت ترین کے کاغذات الیکشن کمیشن میں منظور ہونے کو ٹربیونل میں چیلنج کیا گیا ہے، ہمارے وکلاء نے دلائل مکمل کئے ہیں، امید ہے سرخرو ہونگے، قیاس آرائیوں پر نہیں جاتے، ہمارا امیدوار 20 تاریخ کو سرخرو ہو کر منتخب ہوگا۔
 

Advertisement