اسلام آباد: (دنیا نیوز) اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی 8 جماعتوں نے پیپلز پارٹی اور اے این پی کو شوکاز نوٹس جاری کرنے پر اتفاق کر لیا ہے، ایک موقع دیا جائے گا پھر اتحاد سے فارغ کردیا جائے گا، اسلام آباد میں اسٹیئرنگ کمیٹی اجلاس میں فیصلہ، دونوں کو شرکت کی دعوت بھی نہیں دی گئی۔
ذرائع کے مطابق پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) میں شامل 8 جماعتوں کے رہنماؤں نے اسلام آباد میں ایک اہم مشاورتی اجلاس کیا جس میں اتفاق کیا گیا کہ پیپلز پارٹی اور اے این پی کو اظہار وجوہ کے نوٹس بھیجے جائیں گے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دونوں جماعتوں کو یہ شوکاز نوٹسز پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان کی اجازت سے بھیجے جائیں گے۔
پیپلز پارٹی اور اے این پی کو اظہار وجوہ کا موقع دینے کے بعد انھیں پی ڈی ایم سے خارج کردیا جائے گا۔
پی ڈی ایم میں شامل 27 سینیٹر نے سینیٹ میں آزاد اپوزیشن اتحاد قائم کرنے پر اتفاق کرتے ہوئے فیصلہ کیا کہ مولانا فضل الرحمن کی طبعیت بہتر ہونے پر سربراہی اجلاس طلب کیا جائے گا۔