پیپلز پارٹی کا 5 جنوری کو لاہور میں میدان لگانے کا اعلان

Published On 28 December,2021 08:36 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی نے حکومت مخالف تحریک شروع کرنے سے قبل 5 جنوری کو لاہور میں میدان لگانے کا اعلان کر دیا۔

پارٹی ذرائع کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی 5 جنوری کو صوبائی دارالحکومت لاہور کے حلقہ این اے 133 میں جلسہ عام کرے گی ، اس حلقے میں پی پی چیئر مین بلاول بھٹو زرداری خطاب کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو کی طرف سے خطاب میں اہم اعلان اور آئندہ کی حکمت عملی کا اعلان کیا جائے گا، آصف زرداری اور بلاول بھٹو باری باری لاہور کے دورے کریں گے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو شہید کی برسی کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ آپ نے ڈیل ڈیل کی باتیں ٹی وی پر سنی ہوں گی۔ تجزیہ کاروں اور کالم نگاروں سے یہ باتیں سنی ہوں گی، یاد رکھیں یہ وہی شکلیں ہیں، وہی قلم ہیں جو شہید بی بی بینظیر پر ڈیل کا الزام لگا رہے تھے۔ 5 جنوری کو حکومت کے خاتمے کی بنیاد لاہور میں رکھیں گے۔ یہاں کبھی آر او الیکشن تو کبھی آر ٹی ایس الیکشن کرائے گئے۔ یہاں کبھی کسی چودھری کو استعمال گیا تو کبھی کسی نثار کو استعمال کیا جاتا رہا اور جمہوریت پر ڈاکہ ڈالا جاتا رہا ہے۔ آج پاکستان کے عوام کٹھ پتلی راج بھگت رہے ہیں۔ سلیکٹڈ راج بھگت رہے ہیں۔

حکومت کیخلاف احتجاج کے سلسلے سے متعلق بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم نے مل کرجدوجہد کرنی ہے، ملک کے کونے، کونے تک پیپلزپارٹی کا پیغام پہنچانا ہے، جن گھروں پر پیپلزپارٹی کے پرچم تھے وہاں دوبارہ پرچم کولہرانا ہے۔ آپ اٹھیں، ہمیں کسی ڈیل کی ضرورت نہیں، ہماری ڈیل شہدا کی قبروں اورعوام سے ہے، وعدہ ہے ہم گاؤں، گاؤں، شہر، شہر پہنچنے والے ہیں، تمام صوبائی عہدیدارتیاری پکڑیں میں آرہا ہوں، گلگت بلتستان، کشمیر، راجہ پرویزاشرف، قمر زمان کائرہ تیاری پکڑیں، پنجاب بھی پہنچنے والے ہیں، ملک کے ہرکونے تک پہنچیں گے۔

بلاول کا کہنا تھا کہ جہاں میں نہیں پہنچ سکتا وہاں آصف زرداری، فریال تالپور، آصفہ بی بی پہنچیں گے، کٹھ پتلی کے خلاف جنگ کرنے کے اعلان کا وقت آچکا ہے، پانچ جنوری کولاہورمیں اپنا بیس بنائیں گے۔ ان کوضمنی، سینیٹ الیکشن، لوکل گورنمنٹ کو گھرسے شکست ہوئی، ان کے جانے میں دیرنہیں جیالے تیاری پکڑیں، اگلا الیکشن اوروزیراعظم، وزرائے اعلیٰ بھی آپ کے ہوں گے۔
 

Advertisement