اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو سمیت دیگر پر عائد جرمانہ ختم کردیا۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے لئے بنائے گئے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر چئیرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، خورشید شاہ، سعید غنی اور مراد علی شاہ سمیت دیگر پر 50 ہزار فی کس جرمانہ عائد کیا تھا۔
دوسری طرف الیکشن کمیشن نے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری اور ان کی جماعت کے دیگر 6 رہنماؤں کے خلاف ضابطہ اخلاق کی خلاف وزری کا کیس نمٹا دیا۔
الیکشن کمیشن نے تمام نامزد ملزمان کے خلاف نوٹس پر تحریری فیصلہ جاری کردیا ہے، جس کے مطابق تمام افراد پر عائد جرمانہ ختم کردیا گیا ہے۔ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر نے کوئی فیصلہ دیا نہ معاملہ الیکشن کمیشن کو بھجوایا،
بلاول بھٹو زرداری سمیت دیگر فریقین نے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کی یقین دہانی کرادی ہے، جس پر الیکشن کمیشن نے بلاول بھٹو سمیت دیگر پر جرمانہ ختم کردیا ہے۔