کراچی دھماکا، وزیراعظم عمران خان سمیت سیاسی رہنماؤں کا اظہار افسوس

Published On 18 December,2021 07:50 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان سمیت سیاسی رہنماؤں نے کراچی دھماکے میں ہلاکتوں پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں وزیراعظم نے لکھا کہ میری دلی دعائیں اور تعزیت کراچی کے شیر شاہ چوک پر ہونے والے دھماکوں کے متاثرین کے تمام خاندانوں کے ساتھ ہے۔

اپنے ٹویٹ میں انہوں نے مزید لکھا کہ خاص طور پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ایم این اے عالمگیر خان کے والد کے جاں بحق ہونے کا سن کر بہت دکھ ہوا۔ اللہ تعالیٰ عالمگیر خان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

شیخ رشید احمد:

شیخ رشید احمد نے ٹویٹر پر لکھا کہ شیرشاہ دھماکوں میں جاں بحق افراد کے لئے اظہار تعزیت کرتا ہوں، رکن قومی اسمبلی عالمگیر خان کے والد سمیت دیگر قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ ہے، دعا گو ہوں کہ اللہ تعالیٰ جاں بحق افراد کو اپنے جنت میں اعلی مقام عطا کرے۔ زخمیوں کو جلد صحتیاب کرے۔

بلاول بھٹو زرداری

اُدھر پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کراچی دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ‏ضیاع پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ہدایت کی کہ فوری تفتیش کا آغاز کرکے دھماکے کی نوعیت اور سدباب کا تعین کیا جائے، دھماکے میں زخمی ہونے والے تمام افراد کے فی الفور علاج معالجے کو یقینی بنایا جائے۔

شہباز شریف

دوسری طرف پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ کراچی دھماکے میں ہلاکتوں پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی اور جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کرتا ہوں، واقعے کے محرکات کا پتہ چلایا جائے اور ذمہ داروں کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے، زخمیوں کو علاج کی بہترین سہولیات دی جائیں، اللہ تعالی مرحومین کی مغفرت اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔ 

فواد چودھری

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے شیرشاہ دھماکہ میں تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی عالمگیر خان کے والد سمیت دیگر قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ غم کی اس گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے ساتھ برابر کے شریک ہیں۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کو اپنے جوار رحمت میں جگہ اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحت یابی کیلئے بھی دعا گو ہیں۔

فردوس عاشق اعوان

پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کراچی دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرا دکھ، رنج اورافسوس ہوا۔ ایم این اے عالمگیر خان کے والد سمیت جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی اظہار تعزیت اور زخمی افراد کی جلد صحتیابی کیلئے دعا گو ہوں۔
 

Advertisement