کراچی: گل بائی شیرشاہ پراچہ چوک پر دھماکا، 15 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

Published On 18 December,2021 02:13 pm

کراچی: (دنیا نیوز) گل بائی شیر شاہ پراچہ چوک پر دھماکے میں پی ٹی آئی ایم این اے عالمگیر خان کے والد سمیت 15 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

کراچی کے علاقے شیر شاہ میں زیرِ زمین گزرنے والے سیوریج کے بند نالے میں دھماکے میں نجی بینک کی عمارت تباہ ہوگئی جبکہ اطراف کی عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے،  ابتدائی معلومات کے مطابق دھماکہ نالے میں گیس بھر جانے سے ہوا، دھماکے سے نجی بینک کی عمارت کو نقصان پہنچا ہے۔ دو منزلہ عمارت نالے پر تعمیر کی گئی تھی۔ عمارت میں بینک اور دیگر دفاتر بھی موجود تھے۔ دھماکے کے نتیجے میں متعد گاڑیاں بھی تباہ ہوئیں۔ پولیس اور رینجرز اہلکار جائے وقوعہ پر موجود ہیں۔ زخمیوں کو سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

ریسکیو حکام کے مطابق ملبے کے نیچے لوگوں کے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔ دھماکے کی جگہ سے ملبہ ہٹانے کیلئے مشینری طلب کرلی گئی۔ عینی شاہد کے مطابق دھماکے کے وقت بینک کھلا ہوا تھا، بینک میں معمول کے مطابق کام ہو رہا تھا۔

شیر شاہ میں ہونے والے دھماکے کے بعد وزیر صحت سندھ عذرا پیچوہو کی ہدایت پر ٹراما سینٹر اور جناح اسپتال میں ایمرجنسی نافد کردی گئی۔

عذرا پیچوہو کا کہنا ہے کہ زخمیوں کی ہر ممکن طبی امداد کی جائے گی، زخمیوں کی زندگیاں بچانے کے لیے تمام و سائل استعمال کیے جائیں۔ شیر شاہ میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر بے حد افسوس ہے۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دھماکے میں 15 افراد جاں بحق ہوئے ہیں، آٹھ ابھی بھی زیر علاج ہیں، 8 کو طبی امداد دے کر گھر بھیج دیا گیا، دو افراد وینٹلیٹر ہیں۔

دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ایم این اے اور کراچی میں فکس اٹ کے متحرک رہنما عالمگیر خان کے والد جاں بحق ہو گئے، ان کے دھماکے میں جاں بحق ہونے کی تصدیق رکن صوبائی اسمبلی ارسلان تاج نے کی۔

صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے جاں بحق افراد کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں اور کوتاہی برتنے والوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

اُدھربم ڈسپوزل اسکواڈ کی رپورٹ تیار کر لی گئی ہے، دھماکہ سیوریج لائن کے باعث ہوا، دھماکے سے نجی بینک اور اطراف میں موجود دفاتروں کو نقصان پہنچا، دھماکا گیس بھر جانے کے باعث ہوا۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے شیر شاہ کے قریب دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر کراچی کو تفیصلی انکوائری کرنے کا حکم دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ انکوائری میں پولیس کا افسر بھی شامل کیا جائے تاکہ ہر پہلو سے چھان بین ہوسکے۔

کراچی دھماکا، وزیراعظم عمران خان سمیت سیاسی رہنماؤں کا اظہار افسوس
وزیراعظم عمران خان سمیت سیاسی رہنماؤں نے کراچی دھماکے میں ہلاکتوں پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں وزیراعظم نے لکھا کہ میری دلی دعائیں اور تعزیت کراچی کے شیر شاہ چوک پر ہونے والے دھماکوں کے متاثرین کے تمام خاندانوں کے ساتھ ہے۔

اپنے ٹویٹ میں انہوں نے مزید لکھا کہ خاص طور پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ایم این اے عالمگیر خان کے والد کے جاں بحق ہونے کا سن کر بہت دکھ ہوا۔ اللہ تعالیٰ عالمگیر خان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

اُدھر پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کراچی دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ‏ضیاع پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ہدایت کی کہ فوری تفتیش کا آغاز کرکے دھماکے کی نوعیت اور سدباب کا تعین کیا جائے، دھماکے میں زخمی ہونے والے تمام افراد کے فی الفور علاج معالجے کو یقینی بنایا جائے۔

دوسری طرف پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ کراچی دھماکے میں ہلاکتوں پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی اور جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کرتا ہوں، واقعے کے محرکات کا پتہ چلایا جائے اور ذمہ داروں کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے، زخمیوں کو علاج کی بہترین سہولیات دی جائیں، اللہ تعالی مرحومین کی مغفرت اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔ آمین۔

پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کراچی دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرا دکھ، رنج اورافسوس ہوا۔ ایم این اے عالمگیر خان کے والد سمیت جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی اظہار تعزیت اور زخمی افراد کی جلد صحتیابی کیلئے دعا گو ہوں۔

مراد علی شاہ نے دھماکے میں جانی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور سیکریٹری صحت کو سول اسپتال میں تمام ضروری سہولیات فوری دینے کی ہدایات کی۔ انہوں نے انتظامیہ کو اسپتال اور جائے وقوع پر پہنچ کر متاثرین کی ہر ممکن مدد کرنے کی بھی ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کراچی کے علاقے شیر شاہ پراچہ چوک کے قریب دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ عثمان بزدار نے زخمی افراد کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی اور کہا کہ پنجاب حکومت جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے، ہماری تمام تر ہمدردیاں جاں بحق افراد کے لواحقین اور زخمیوں کے ساتھ ہیں۔

کراچی دھماکے کے بعد تحریک انصاف نے احتجاج ملتوی  کر دیا

ترجمان پی ٹی آئی کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت کی جانب سے سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں ترامیم کیخلاف اتوار 19 دسمبر کو احتجاج کا اعلان کیا تھا جو ملتوی کردیا گیا ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ احتجاج کی اگلی تاریخ سے جلد عوام کو آگاہ کردیا جائیگا، سندھ حکومت کی جانب سے پیش کردہ بل کیخلاف تحریک انصاف کی جنگ جاری رہے گی۔

ترجمان پی ٹی آئی نے شیرشاہ واقعے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔

دوسری جانب گورنر سندھ نے عالمگیر خان کے والد کے دھماکے میں جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ عالمگیر خان کے اہل خانہ سے تعزیت کیلئے آئے تھے، عالمگیر خان اور ان کے اہلخانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں، تمام جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق دھماکا گیس کا تھا، تمام رپورٹس آجائیں اس سے قبل کسی پر الزام تراشی مناسب نہ ہوگی، نالوں پر تجاوزات کے معاملے پر سپریم کورٹ نے بھی احکامات دیئے ہیں، ایسے حادثات کی وجہ سے ہی سپریم کورٹ بھی ایکشن میں ہے۔

Advertisement