سانحہ آرمی پبلک اسکول کے منصوبہ سازوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے: بلاول بھٹو

Published On 16 December,2021 12:11 pm

کراچی: (دنیا نیوز) بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سانحہ آرمی پبلک اسکول میں طلبہ اور اساتذہ کا قتل عام کرنے والے منصوبہ سازوں و سہولت کاروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔

سانحہ آرمی پبلک اسکول کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے شہید ہونے والوں کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ قوم آج تک سانحہ آرمی پبلک اسکول کے عظیم سانحے کے درد سے نہیں نکلی اور عوام معصوم روحوں سے انصاف کی منتظر ہے، میری پارٹی اور خاندان دہشت گردی کا شکار رہے ہیں، دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خلاف اپنی صدا بلند کرتا رہوں گا، نیشنل ایکشن پلان کے سلیکٹڈ نفاذ کو ترک کر کے اسے مکمل طور پر نافذ کیا جانا چاہیے۔

دوسری جانب نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے سانحہ اے پی ایس کی 7 ویں برسی کے حوالے سے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ‏سانحہ اے پی ایس کے شہداء کو سلام پیش کرتی ہوں، لواحقین کے ساتھ دلی ہمدردی ہے، ملک سے دہشتگردی اور انتہاپسندی کے خاتمے کے لئے نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کی شدید ضرورت ہے، ہم حصول انصاف تک ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

شیری رحمان نے کہا کہ افسوس ہے کہ اے پی ایس سانحے متعلق سپریم کورٹ میں رپورٹ جمع کرانے کے لئے حکومت نے 3 ہفتوں کی مہلت مانگی ہے، شہداء کے سوگوار خاندان 7 ویں برسی پر بھی انصاف کے منتظر ہیں۔