آرمی پبلک اسکول کے شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں گئیں: وزیراعظم عمران خان

Published On 16 December,2021 11:13 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ آرمی پبلک سکول کے شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں گئیں، اس سانحہ کے بعد بہادر پاکستانی قوم کے حوصلے پست ہونے کی بجائے دہشت گردی کے خلاف مزید بلند ہوئے۔

وزیراعظم عمران خان نے سانحہ اے پی ایس کے دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ آج کا دن پوری پاکستانی قوم کو کرب ناک سانحہ کی یاد دلاتا ہے، بزدل شرپسند عناصر نے ہماری قوم کے مستقبل، نہتے کم سن بچوں پر حملہ کر کے انہیں شہید کیا، آج کا دن ان بہادر اساتذہ کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے طالبِ علموں کی حفاظت میں جانوں کا نظرانہ پیش کیا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ شر پسند عناصر نے جب بھی ہمارے حوصلے متزلزل کرنے کی کوشش کی، ان کو منہ کی کھانی پڑی، آج کے دن عہد کریں پوری قوم فرقہ ورانہ، مذہبی اور نسلی تعصب کے خلاف متحد رہے گی اور اپنی صفوں میں موجود ان عناصر کی نشاندہی کر کے ان کے تدارک میں ریاست کا ساتھ دے گی۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ پوری قوم کو یہ یقین دلاتا ہوں کہ دشمن پاکستانی قوم کے حوصلوں کو کبھی پست نہیں کر سکتا، اللہ سے دعا ہے آرمی پبلک سکول کے شہداء کے درجات بلند کرے، قائدِ اعظم کا فرمان ہے کہ دنیا میں ایسی کوئی طاقت نہیں جو پاکستان کو نقصان پہنچا سکے۔
 

Advertisement