کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما منظور وسان نے نئی پیشگوئی کرتے ہوئے بتایا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کی شادی ان کے وزیراعظم بننے کے بعد ہوگی۔
خوابوں اور پیشگوئیوں کے حوالے سے مشہور سیاسی شخصیت نے اس بار پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین سے متعلق پیشگوئی کرتے ہوئے بتایا کہ بلاول بھٹو زرداری کی شادی ان کے وزیراعظم بننے کے بعد ہوگی اور یہ شادی 2022 یا 2023 میں متوقع ہے۔
پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کےسربراہ سے متعلق انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کو جو ملنا تھا وہ مل گیا اب ہماری اور ن لیگ کی باری ہے۔
عمران خان سے متعلق پیش گوئی کرتے ہوئے منظور وسان نے کہا کہ ان کا مستقبل تاریک ہے۔
سابق وزیراعظم سے متعلق پیشگوئی کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف آئندہ سال مارچ سے قبل پاکستان نہیں آئیں گے۔
منظور وسان کا کہنا تھا کہ عمران خان کا مستقبل اچھا نظر نہیں آرہا ہے، سندھ کے ساتھ نا انصافی ہورہی ہے، وفاق سندھ میں کھاد کی قلت پیدا کرنا چاہتا ہے، حماد اظہر نے ہمیں ڈیڑھ لاکھ کھاد کم دی، ہمارا کوٹہ کم کرکے دوسرے صوبوں کو سمگل کیا جارہا ہے، کھاد پیدا کرنے والی کمپنیاں وفاق کے ماتحت ہیں، سندھ کا کوٹہ باہر جانے سے روکنے کے لیے چیک پوسٹیں قائم کی ہیں۔