لاہور:(دنیا نیوز)پاکستان مسلم لیگ(ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نوازشریف پنجاب حکومت کی سفارش پر عدلیہ کی اجازت سے بیرون ملک گئے،شہباز شریف کے بیان حلفی پر ہائیکورٹ سے رجوع کرنا نیب نیازی گٹھ جوڑ اور ایف آئی اے کی ناکامیوں کا اعتراف ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومت کا صبح ،دوپہر ،شام ایک ہی راگ ہے شہباز،شہباز، شہاز ۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف ڈاکٹرز کی اجازت پر ہی واپس آئیں گے ، شہباز شریف کے خلاف عمران خان کا لگایا کوئی الزام ثابت نہیں ہوا ، اس لئے اب یہ مزید گھٹیا اور چھوٹی حرکتوں پہ اتر آئے ہیں۔
قبل ازیں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ نواز شریف کو واپس لانے کیلئے حکومت شہباز شریف کے خلاف لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دے گی۔
کراچی میں برطانوی خبررساں ادارے سے گفتگو کے دوران وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ شہباز شریف نے بھائی کے واپس آنے سے متعلق ضمانت دی تھی، عدالت عالیہ کو بھی معاملے کا ازخود نوٹس لینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے بڑے بھائی کا بیان حلفی جمع کرایا، اگر وہ نوازشرف کو نہیں بلاتے تو جعلی حلف نامہ دینے پر کارروائی ہونی چاہئے۔ نوازشریف کی واپسی کیلئےاٹارنی جنرل کووزیراعظم نے ہدایت دے دی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں بین الاقوامی منڈی کی وجہ سے اشیا اور تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔عالمی سطح پر مہنگائی کے اثرات پاکستان پر پڑے ہیں۔ ہم نےانڈسٹری کو بہتر کیا، 32 ارب ڈالر کا قرضہ واپس کر چکے ہیں، 55 بلین ڈالر واپس کرنےہیں۔ نجی سیکٹر ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ نہیں کر رہا، نجی کمپنیاں خود منافع کما رہی ہیں مگرملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ نہیں کرتیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں صحت کارڈ کی سہولت فراہم کر دی، عوام نجی ہسپتالوں سےعلاج کرا سکیں گے۔ سندھ حکومت صوبے میں صحت کارڈ کے منصوبے کا آغاز کرے، احساس راشن پروگرام میں سندھ حکومت حصہ نہیں لے رہی۔