ملک بھر میں 30 سال سے زائد عمر کے شہریوں کو بوسٹر ڈوز لگانے کا آغاز

Published On 03 January,2022 09:36 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) کورونا کے نئے ویرینٹ اومی کرون کا پھیلاؤ روکنے کیلئے ہنگامی اقدامات کرتے ہوئے ملک بھر میں 30 سال سے زائد عمر افراد کیلئے ویکسین بوسٹر لگانے کا آغاز ہوگیا۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے مطابق بوسٹر ڈوز ان لوگوں کو لگائی جائے گی جنھوں نے ویکسین کی آخری خوراک 6 ماہ پہلے لگوائی ہوگی۔ این سی او سی کا کہنا ہے کہ اومی کرون کے بڑھتے ہوئے خطرے کے باعث براہ مہربانی ضابطہ کار (ایس او پیز ) پر عمل کریں، ماسک پہنیں اور اگر اہل ہو تو ویکسینیشن / بوسٹر کی مکمل خوراک کو یقینی بنائیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل گزشتہ ماہ یکم دسمبر سے 50 سال اور زائد عمر کے افراد کو انسداد کورونا ویکسین کا بوسٹر لگانے کا آغاز کیا گیا تھا۔

دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 28 ہزار 943 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 12 لاکھ 97 ہزار 235 ہوگئی۔

گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 708 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 4 لاکھ 45 ہزار 445، سندھ میں 4 لاکھ 82 ہزار 826، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 81 ہزار 469، بلوچستان میں 33 ہزار 644، گلگت بلتستان میں 10 ہزار 429، اسلام آباد میں ایک لاکھ 8 ہزار 755 جبکہ آزاد کشمیر میں 34 ہزار 667 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ملک بھر میں اب تک 2 کروڑ 35 لاکھ 14 ہزار 774 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 45 ہزار 643 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 12 لاکھ 57 ہزار 168 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 632 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 2 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 28 ہزار 943 ہوگئی۔ پنجاب میں 13 ہزار 74، سندھ میں 7 ہزار 673، خیبرپختونخوا میں 5 ہزار 933، اسلام آباد میں 967، بلوچستان میں 364، گلگت بلتستان میں 186 اور آزاد کشمیر میں 746 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
 

Advertisement