قصور: (دنیا نیوز) قصور میں بارش کے باعث چھتیں گرنے کے دو واقعات میں ملبے تلے دب کر 3 افراد جاں بحق جبکہ خاتون سمیت 6 افراد زخمی ہوگئے۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈپٹی کمشنر قصور اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں، جنہوں نے دو سالہ ملاںکہ، چھ ماہ کے احمد کی نعشیں ملبہ سے نکال ہسپتال منتقل کر دیں جبکہ زخمی ہونے والی خاتون اور تین بچوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ادھر مصطفےٰ آباد میں مکان کی چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جبکہ خاتون شدید زخمی ہو گئی۔ ریسکیو ٹیمیوں نے فوری طور پر تمام زخمیوں اور نعشوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی، تمام پیرا میڈیکل اسٹاف طلب کر لیا گیا ہے۔
دوسری جانب موسم کا حال بتانے والوں نے بارشوں کا اسپیل مزید 2 روز جاری رہنے کی پیشگوئی کر دی۔ بالائی علاقوں میں پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ بھی جاری رہے گا۔ بلوچستان میں بارشوں سے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔
بلوچستان کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش اور پہاڑوں پر برف باری کاسلسلہ جاری ہے۔ حکام نے بارشوں سے سبی، مستونگ، قلات، لسبیلہ اور نصیر آباد کے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ موسلا دھار بارشوں کے باعث کیچ، پسنی میں ایمرجنسی نافذ اور گوادر کو آفت زدہ قرار دیا گیا ہے۔
برفباری کے بعد موسم کا لطف اٹھانے کیلئے سیاحوں کی بڑی تعداد ملکہ کوہسار مری پہنچ رہی ہے، جس کے باعث سڑکوں پر ٹریفک جام جیسے مسائل کا سامنا ہے۔ موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق ملک کے اکثر علاقوں میں بارشوں کا اسپیل مزید دو روز تک جاری رہے گا۔