سانحہ مری : حکومتی نالائقی سے کئی شہری زندگی سے محروم ہوگئے، زرداری

Published On 09 January,2022 04:21 pm

لاہور:(دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے سانحہ مری میں جاں بحق ہونے والے افراد کے ورثا سے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی نالائقی کی وجہ سے کئی معصوم شہری زندگی سے محروم ہوگئے ۔

سانحہ مری پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سابق صدر نے کہا کہ مری میں جانبحق افراد کے لواحقین سے ہمدردی اور افسوس کا اظہار کرتا ہوں ، واقعہ انتہائی دردناک ہے ، جانبحق افراد کے لواحقین کے غم میں شریک ہوں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی طرف سے بروقت اقدامات نہ کرنا قابل مذمت ہے، حکومت کی نالائقی کی وجہ سے معصوم شہری زندگی سے محروم ہوگئے ۔

واضح رہے کہ مری میں برف کا طوفان، سیاحوں پر قیامت ٹوٹ پڑی، گاڑیوں میں پھنسے لوگ رات سٹرک پر گزارنے پر مجبور ہوئے جس کے نتیجے میں ہلاکتیں ہوئیں، سردی کے باعث جاں بحق افراد کی تعداد 23 ہو گئی۔

 

Advertisement