جلد الیکشن کے آثار نظرآنا شروع ، حکومت کسی بھی وقت جاسکتی ہے : خواجہ آصف

Published On 09 January,2022 05:20 pm

سیالکوٹ:(دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ حکومت کسی وقت بھی جا سکتی ہے، جلد الیکشن کے آثار نظر آنا شروع ہوگئے ہیں اور پی ٹی آئی سرکار کے سپورٹر بھی ناکامی کا اعتراف کر رہے ہیں ۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف نے سیالکوٹ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن سے قبل تنظیم سازی کا عمل مکمل کر لیا جائے گا ، حکومت کسی وقت بھی جا سکتی ہے ، الیکشن ہونے کے اثرات نظر آ رہے ہیں ، حکومت کے اپنے سپورٹر اور ووٹر بھی ناکامی کا اعتراف کر رہے ہیں ، موجودہ حکومت جو تبدیلی لے کر آئے ہے وہ خرابی کی تبدیلی ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ مری میں جو افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے اس سے زیادہ کیا المناک واقعہ ہو سکتاہے، لوگ گاڑیوں میں بیٹھے زندگی کی بازی ہار گئے ، کوئی بچانے والا نہیں تھا ، وزیر اعظم کہتے ہیں عوام موسم کے حالات کو دیکھ کر کیوں نہیں گئے ۔

خواجہ آصف کا مزید کہنا تھا کہ حکومت ریاست مدینہ کی باتیں کرتی ہے ، ظلم کے اوپر ایک حکمرانی کی بنیاد رکھی گئی ، نوازشریف کو ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت ہٹایا گیا اورسابق وزیراعظم کی بیٹی ، بھتیجے کو قید کیا گیا۔
 

Advertisement