مری میں سیاحوں کی آمد پر پابندی میں 24 گھنٹے کی توسیع، نوٹیفکیشن جاری

Published On 09 January,2022 06:25 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) وفاقی دارالحکومت سے مری گاڑیوں کے داخلے پر پابندی میں مزید 24 گھنٹے کی توسیع کردی گئی جس کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

اسلام آباد سے مری گاڑیوں کے داخلے پر پابندی میں مزید 24 گھنٹے کی توسیع کا ضلعی انتظامیہ کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کردیاگیا ہے جس کے مطابق پابندی میں توسیع 10 جنوری رات 9 بجے تک کی گئی ہے ۔

نوٹیفکیشن کے مطابق 17 میل اور سرینا چوک میں پولیس کے چیک پوائنٹس بھی قائم کردیئے گئے ہیں جبکہ ایمبولینسز، آگ بجھانے والی اور سکیورٹی کی گاڑیوں کواستثنیٰ حاصل ہوگا ۔

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ سیاحوں کیلئے اسلام آباد کے راستے مری اور گلیات جانے کے لئے مزید 24 گھنٹے بند رہیں گے ۔

انہوں نے  مری کی طرف جانے والے راستوں پر پابندی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مری اور ملحقہ علاقے کے رہائشیوں کو صرف شناختی کارڈز دکھا کر گزرنے کی اجازت دی جائے گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مری اور گلیات کی صورت حال کا مسلسل جائزہ لے رہے ہیں ، سیاحوں کے لئے مری اور گلیات جانے کا فیصلہ صورت حال کو دیکھ کرلیا جائے گا ۔
 

Advertisement