لاہور:(دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سانحہ مری پر افسوس کا اظہار کیا جبکہ انہوں نے 21 جنوری سے ملک بھر میں کسان یکجہتی احتجاج کی منظوری دے دی جس کی تیاریوں کیلئے صوبائی تنظیموں کے اراکین پر مشتمل کمیٹی بنائی جائے گی ۔
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں ملک بھر کے کاشت کاروں سے اظہار یکجہتی کے لئے ہونے والے احتجاج کے انعقاد کے حوالے سے بلاول ہاؤس میں مشاورتی ہائبرڈ اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں کسان یکجہتی احتجاج کے حوالے سے پی پی پی کی صوبائی تنظیموں سے تجاویز طلب کرلی گئیں ۔
بلاول بھٹو زرداری نے 21 جنوری سے ملک بھر میں کسان یکجہتی احتجاج کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ کسان یکجہتی احتجاج کے انعقاد کی تیاریوں کے حوالے سے صوبائی تنظیموں کے اراکین پر مشتمل کمیٹی بنائی جائے ۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ پی پی پی کے جنرل سیکرٹری نیر بخاری ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ، اجلاس میں خورشید شاہ، نوید قمر، حسن مرتضیٰ ، نوابزادہ افتخار احمد خان بابر، شازی خان، شہزاد سعید چیمہ اور ذوالفقار علی بدر بھی موجود تھے۔
قبل ازیں لاہورمیں چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کی سیاسی سرگرمیاں جاری ہیں ، بلاول ہاؤس پر جنوبی پنجاب کے ایگزیگٹوز کا اجلاس ہوا جس میں سانحہ مری میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لئے دعا کی گئی ۔
اس موقع پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو جنوبی پنجاب کے رہنماؤں نے 27 فروری کے لانگ مارچ کی تیاریوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی ۔
اجلاس مین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ 27 فروری کا لانگ مارچ پاکستان پیپلزپارٹی کے مسلسل ہونے والے احتجاج کا ایک تسلسل ہے، پاکستان پیپلزپارٹی نے پارلیمان میں حکومت کے خلاف موثر اپوزیشن کی، اب عوامی احتجاج کا نہ رکنے والا سلسلہ چل پڑا ہے اور پی ٹی آئی حکومت کے خاتمے پر ہی عوام چین سے بیٹھیں گے ۔
سانحہ مری : حکومتی نالائقی سے کئی شہری زندگی سے محروم ہوگئے، زرداری
پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے سانحہ مری میں جاں بحق ہونے والے افراد کے ورثا سے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی نالائقی کی وجہ سے کئی معصوم شہری زندگی سے محروم ہوگئے ۔
سانحہ مری پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سابق صدر نے کہا کہ مری میں جانبحق افراد کے لواحقین سے ہمدردی اور افسوس کا اظہار کرتا ہوں ، واقعہ انتہائی دردناک ہے ، جانبحق افراد کے لواحقین کے غم میں شریک ہوں ۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی طرف سے بروقت اقدامات نہ کرنا قابل مذمت ہے، حکومت کی نالائقی کی وجہ سے معصوم شہری زندگی سے محروم ہوگئے ۔
واضح رہے کہ مری میں برف کا طوفان، سیاحوں پر قیامت ٹوٹ پڑی، گاڑیوں میں پھنسے لوگ رات سٹرک پر گزارنے پر مجبور ہوئے جس کے نتیجے میں ہلاکتیں ہوئیں، سردی کے باعث جاں بحق افراد کی تعداد 23 ہو گئی۔