لاہور: (دنیا نیوز) ملک کے مختلف شہروں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے، نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا، محکمہ موسمیات نے سلسلہ اگلے چوبیس گھنٹے بھی جاری رہنے کی پیش گوئی کر دی۔
ملک کے بیشتر علاقوں میں بادلوں کے ڈیرے، لاہور، اسلام آباد سمیت کئی شہروں میں وقفے وقفے سے بارش جاری ہے۔ ، پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا میں حالیہ بارشوں اور برفباری سے حادثات میں سات افراد جاں بحق، سولہ زخمی ہو گئے جبکہ پندرہ گھروں کو جزوی نقصان پہنچا، متاثرہ سڑکوں کی بحالی کا کام جاری ہے۔
ملکہ کوہسارمری میں کل سے شروع ہونے والا برفباری کا سلسلہ تاحال جاری ہے ، شہر اورگردونواح تقریبا 2 فٹ کے قریب برف پڑچکی ہے ۔برفانی ہواوں سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا جس کے سبب سیاح اور مقامی لوگ گھروں اور کمروں میں مقید ہوکر رہ گئے۔ مشروط شرائط کے باعث سیاحوں کی تعداد نہ ہونے کے برابر ہے جس کے سبب کاروباری حلقہ پریشان ہے۔
آزاد کشمیر کے میدانی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ تیسرے روز بھی جاری ہے۔ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور برفباری کے باعث رابطہ سڑکیں بند ہو گئیں۔ سیاحتی مقامات چیل سر ،چوڑ ،گلئ میدان، ہل درہ اور مچائی سر میں تین سے چار فٹ برفباری ریکارڈ کی گئی۔