لاہور: (دنیا نیوز) حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ کرپشن انڈیکس میں پاکستان 140 ویں نمبر پر آگیا، تحریک انصاف کی کرپشن اور لوٹ مار کی بدولت پاکستان دنیا بھر میں رسوا ہو گیا ہے۔
پاکستان مسلم لیگ ن کے نائب صدر اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی تازہ رپورٹ اس حکومت کے خلاف چارج شیٹ ہے، ایک سال میں پاکستان کرپشن انڈیکس میں 16 درجے اوپر چلا گیا ہے، گذشتہ سال 124 نمبر والا ملک 140 ویں نمبر پر آ گیا ہے، کرپشن اور احتساب کا شور صرف اقتدار میں آکر مخالفین پر جھوٹے کیسز بنانے کا ذریعہ تھا۔
حمزہ شہباز نے مزید کہا کرپشن کا خاتمہ تو ن لیگ دور میں ہوا جب پاکستان کو 127 ویں درجے سے 117 نمبر پر لے آئے تھے لیکن پاکستان کی تاریخ میں کرپشن کا بازار کبھی اتنا گرم نہیں تھا۔