لاہور: (دنیا نیوز) لاہور پریس کلب کے سامنے صحافی حسنین شاہ کے اندھے قتل کی سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے تحقیقات جاری ہیں، پولیس نے 4 مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا۔
لاہور پریس کلب کے سامنے سینئر صحافی حسنین شاہ کے قتل کا اندوہناک واقعہ، پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا۔ فوٹیجز سے پتہ چلا ہے کہ شوٹرز حسنین شاہ کو قتل کرنے کے بعد برانڈرتھ روڈ تک گئے۔ مزید سی سی ٹی وی کیمروں سے ریکارڈ لینے کا سلسلہ جاری ہے جس کے بعد قاتلوں کے گرد گھیرا مزید تنگ کر دیا جائے گا۔
ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور نے کہا ہے کہ صحافیوں کو ہراساں کرنے کی بالکل اجازت نہیں دیں گے، پولیس سمیت تمام ایجنسیاں لاہور پریس کلب کے باہر سینئر صحافی کے قتل کی تحقیقات کررہی ہیں۔