حکومت نے کرپشن کیخلاف سب سے زیادہ اقدامات کئے: وزیراعظم عمران خان

Published On 25 January,2022 06:37 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی کابینہ اجلاس کے دوران ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل رپورٹ پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ موجودہ حکومت نے کرپشن کے خلاف سب سے زیادہ اقدامات کئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ اجلاس کے دوران ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی پاکستان کے حوالے سے حالیہ رپورٹ پر بھی گفتگو کی گئی۔

اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کرپشن کرنے والے مقدمات کا سامنا کرنے کی بجائے ملک سے باہر ہیں، کرپشن کرنے والے مقدمات میں غیر ضروری التوا کے بہانے بنا رہے ہیں، کرپشن کے زیر التوا کیس جلد نمٹانے کے لیے عدالتوں میں موثر پیروی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

عالمی ادارے ملکی گروتھ کو مستحکم قرار دے رہے ہیں: عمران خان 

اس سے قبل اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ اس بات کا احساس ہے مہنگائی کی وجہ سے تنخواہ دارطبقہ مشکل میں ہے مگر اب تنخواہ دار لوگ بھی باآسانی گھر خرید سکتے ہیں۔ کرائےکی رقم بینکوں کو قسطوں کی صورت میں ادا کر کے کوئی بھی شخص گھر کا مالک بن سکے گا۔ اگرآپ کے پاس گھربنانےکی رقم نہیں توبینکوں سےقرضہ حاصل کرسکتے ہیں۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عام آدمی کو قرضوں کی فراہمی کیلئے بنک سٹاف تربیت یافتہ نہیں تھا مگر اب عملہ تمام لوگوں کے ساتھ اچھا سلوک کرتا ہے، عام آدمی کے لیے بنک کے ذریعے گھر خریدنے کا طریقہ رائج نہیں تھا مگر ایسا نہیں ہوگا۔

وزیراعظم نے کہا کہ فورکلوژرلاپاس کرانےمیں اڑھائی سال کا عرصہ لگا، پاکستان میں گھروں کی بہت کمی ہے اس لیے ہم نے ہاؤسنگ انڈسٹری پر توجہ دی کیونکہ ہاؤسنگ انڈسٹری معیشت کو کھڑا کردیتی ہے، صنعت کے ساتھ 30 انڈسٹریز منسلک ہیں۔ گزشتہ 2 برس کے دوران ہاؤسنگ سیکٹر پر عروج آیا، سیمنٹ اور اسٹیل کی ریکارڈ فروخت ہوئی، ہم نے گھروں کے لیے قرضوں میں آسانی پیدا کی ہے، جس کے بعد اب تنخواہ دار طبقہ بھی باآسانی اپنا گھر خرید سکتا ہے۔

عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ عالمی ادارے پاکستان کی گروتھ کو مستحکم قرار دے رہے ہیں جبکہ عالمی بینک کی رپورٹ کےمطابق پاکستان میں غربت میں کمی آئی ہے۔ پاکستان کی برآمدات، ٹیکس اور زرمبادلہ کے ذخائر ریکارڈ سطح پر پہنچ چکے ہیں۔
 

Advertisement