پاکستان میں کرپشن مزید بڑھ گئی، انڈیکس 124 سے 140 ویں نمبر پر آگیا: ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل

Published On 25 January,2022 10:31 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے 180 ممالک کا کرپشن پر سیپشن انڈیکس جاری کر دیا۔ جس کے مطابق پاکستان میں کرپشن مزید بڑھ گئی۔

ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل رپورٹ کے مطابق پاکستان کرپشن رینکنگ میں 16 درجے اوپر چلا گیا، کرپشن پر سیپشن انڈیکس میں پاکستان دنیا میں 140 ویں نمبر پر آگیا، 2020 میں پاکستان کا نمبر دنیا میں 124 واں تھا، 2020 میں کرپشن پر سیپشن انڈیکس میں پاکستان کا اسکور 31 تھا، 2021 میں کرپشن پر سیپشن انڈیکس میں پاکستان کا اسکور 28 ہوگیا۔ کرپشن پر سیپشن انڈیکس میں اسکور کم ہونا کرپشن میں اضافے کو ظاہر کرتا ہے۔

دوسری جانب سابق وزیراعظم اور ن لیگ کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے سارے چور کابینہ کی میز پر بیٹھے ہیں، آج کرپشن کے انڈیکس میں پاکستان 140 ویں نمبر پر آگیا۔ انہوں نے کہا کہ شہزاد اکبر بتا دیں انہیں عمران خان نے نکالا ہے یا استعفیٰ دیا ؟ ساڑھے 3 سال بعد پتہ چلا بچہ نالائق تھا، اسے نکال دیا، شہزاد اکبر اپنی ساڑھے 3 سال کی کارکردگی سے آگاہ کریں۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ کوئی کہتا ہے وزیراعظم نے شہزاد اکبر کو چارج شیٹ کر دیا، شہزاد اکبر بڑا کہا کرتے تھے ثبوتوں کے بکسے بھرے ہیں، کبھی لندن جا رہے ہیں، کبھی آ رہے ہیں، ایک فوج ہے جس کا کام صرف پریس کانفرنسز کرنا ہے، کونسی وزارت ہے جس میں سیکڑوں اربوں کا اسکینڈل نہیں ہے۔

لیگی رہنما نے کہا کہ وزیراعظم اتوار کے روز جلوہ فروز ہوئے اور کہا میں سڑکوں پر نکل آیا تو آپ کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی، عوام تو پہلے ہی گھبرائے ہوئے تھے، اب وزیراعظم کی دھمکیوں سے اور گھبرا گئے، جوسرکس لگی ہوئی ہے، ملک مزید اسے برداشت نہیں کرسکتا، انہوں نے کہا کہ آج پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس ہے، جس میں سفارشات پیش کی جائیں گی، 23 مارچ کو لانگ مارچ ہوگا۔
 

Advertisement