اسلام آباد: (دنیا نیوز) شیری رحمان نے کہا ہے کہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی پرسیپشن انڈیکس حکومت کے خلاف چارج شیٹ ہے، پاکستان کا کرپشن میں 16 درجے اوپر جانا حکومت کے بیانیے کو بے نقاب کرتا ہے۔
پاکستان پیپلزپارٹی کی نائب صدر و سینیٹر شیری رحمان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ 2020 میں دنیا بھر میں پاکستان کرپشن پرسیپشن انڈیکس میں 124 نمبر پر تھا، ایک سال کے اندر پاکستان 140 ویں نمبر پر آگیا، کرپشن ختم کرنے کی دعویدار حکومت نے 16 ممالک کو کرپشن میں پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
شیری رحمان کا کہنا تھا کہ دوسری طرف مشیر احتساب کا استعفی اس بات کا ثبوت ہے کہ کرپشن کم نہیں، بڑھی ہے، احتساب صرف مخالفین کو نشانا بنانے کے لئے ہے، اس حکومت کی کرپشن سے اب عالمی ادارے پردہ اٹھا رہے ہیں۔