کراچی میں پیپلز پارٹی کی ہم خیال اے این پی کا بھی بلدیاتی قانون کیخلاف احتجاج کا فیصلہ

Published On 27 January,2022 05:40 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ میں بلدیاتی قانون کیخلاف ہونے والے احتجاج میں ایک اور پارٹی نے کودنے کا فیصلہ کر لیا۔ اے این پی نے احتجاجی مہم تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

خیال رہے کہ سندھ میں بلدیاتی قانون کیخلاف جماعت اسلامی، ایم کیو ایم، پی ٹی آئی سمیت سندھ کی بڑی جماعتوں نے احتجاجی سلسلہ شروع کیا ہوا ہے، 20 روز سے زائد عرصے سے جماعت اسلامی نے کراچی میں دھرنا دیا ہوا ہے، گزشتہ روز ایم کیو ایم نے وزیراعلیٰ ہاؤس کے سامنے احتجاج کیا جس کے باعث پولیس نے لاٹھی چارج کیا ، اس کی زد میں آ کر ایک ایم کیو ایم کا کارکن زندگی کی بازی ہار گیا تھا۔

دوسری طرف پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے، اے این پی نے کراچی میں احتجاجی سیاست، رابطہ عوامی مہم تیز کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، پیپلزپارٹی کی ہم خیال عوامی نیشنل پارٹی نے بھی سندھ کے ترمیمی بلدیاتی قانون کی مخالفت کردی۔

اے این پی نے سندھ لوکل گورنمنٹ ترمیمی ایکٹ کے خلاف احتجاج کا فیصلہ کیا ہے، پی پی رہنماؤں کی کوششوں کے باوجود عوامی نیشنل پارٹی نے سندھ کے بلدیاتی قانون کی حمایت سے انکار کر دیا ہے۔

اے این پی رہنما بلدیاتی قانون کے خلاف جماعت اسلامی کے جاری دھرنے میں آج شریک ہونگے۔