اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ملک میں کورونا کے پھیلاؤ نے پھر خطرے کی گھنٹی بجا دی، چوبیس گھنٹے کے دوران مثبت کیسز کی شرح گیارہ اعشاریہ نو دو فیصد ریکارڈ کی گئی۔ کورونا وائرس سے 30 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 29 ہزار 192 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 14 لاکھ 2 ہزار 70 ہوگئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 8 ہزار 183 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 4 لاکھ 71 ہزار 925، سندھ میں 5 لاکھ 35 ہزار 965، خیبرپختونخوا میں ایک لاکھ 89 ہزار 300، بلوچستان میں 34 ہزار 187، گلگت بلتستان میں 10 ہزار 580، اسلام آباد میں ایک لاکھ 23 ہزار 648 جبکہ آزاد کشمیر میں 36 ہزار 465 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک 2 کروڑ 48 لاکھ 22 ہزار 901 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 68 ہزار 624 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 12 لاکھ 74 ہزار 657 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ ایک ہزار 353 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 30 افراد جاں بحق ہوئے، جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 29 ہزار 192 ہوگئی۔ پنجاب میں 13 ہزار 132، سندھ میں 7 ہزار 785، خیبرپختونخوا میں 5 ہزار 989، اسلام آباد میں 979، بلوچستان میں 367، گلگت بلتستان میں 188 اور آزاد کشمیر میں 752 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔