لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب کے دو اضلاع کے سکولوں کے شیڈول میں توسیع کر دی گئی، 50 فیصد حاضری 15فروری تک جاری رکھنے کا اعلان کر دیا گیا۔
صوبائی وزیر مراد راس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ سکولوں میں پہلے 31جنوری تک 50فیصد حاضری کا نوٹیفکیشن جاری ہوا تھا، لاہور اور راولپنڈی میں بچے 50فیصد تک ہی حاضر ہوں گے، ساتویں سے 12ویں تک کی کلاسز پرانے شیڈول کو برقرار رکھیں گی۔
ANNOUNCEMENT
— Murad Raas (@DrMuradPTI) January 28, 2022
Only in Lahore & Rawalpindi.
In all Public & Private Schools, classes up to Grade 6 will be staggered (50% students each day) until February 15th, 2022. Classes 7 through 12 will remain on the previous schedule. Please follow COVID SOPs.
اس سے قبل ملک میں کورونا کے پھیلاؤ نے پھر خطرے کی گھنٹی بجا دی، چوبیس گھنٹے کے دوران مثبت کیسز کی شرح گیارہ اعشاریہ نو دو فیصد ریکارڈ کی گئی۔ کورونا وائرس سے 30 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 29 ہزار 192 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 14 لاکھ 2 ہزار 70 ہوگئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 8 ہزار 183 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 4 لاکھ 71 ہزار 925، سندھ میں 5 لاکھ 35 ہزار 965، خیبرپختونخوا میں ایک لاکھ 89 ہزار 300، بلوچستان میں 34 ہزار 187، گلگت بلتستان میں 10 ہزار 580، اسلام آباد میں ایک لاکھ 23 ہزار 648 جبکہ آزاد کشمیر میں 36 ہزار 465 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک 2 کروڑ 48 لاکھ 22 ہزار 901 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 68 ہزار 624 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 12 لاکھ 74 ہزار 657 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ ایک ہزار 353 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 30 افراد جاں بحق ہوئے، جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 29 ہزار 192 ہوگئی۔ پنجاب میں 13 ہزار 132، سندھ میں 7 ہزار 785، خیبرپختونخوا میں 5 ہزار 989، اسلام آباد میں 979، بلوچستان میں 367، گلگت بلتستان میں 188 اور آزاد کشمیر میں 752 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔