کراچی: (دنیا نیوز) پی ٹی آئی سندھ کے صدر علی زیدی کی صدارت میں سندھ ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے سندھ بلدیات قانون کے خلاف بھرپور تحریک چلائی جائے گی۔
پی ٹی آئی سندھ ایڈوائزری کمیٹی کے اجلاس میں اسد عمر،میاں محمد سومرو، امیر بخش بھٹو، حلیم عادل شیخ، ارباب غلام رحیم، فردوس شمیم نقوی، آفتاب صدیقی، اللہ بخش انڑ، خرم شیر زمان، بلال غفار، علی پلھ بھی اور دیگر شریک ہوئے، اجلاس میں اسد عمر نے ممبران سے تنظیمی معاملات پر تبادلہ خیال کیا، گھوٹکی سے کراچی مارچ کے حوالے سے بھی تفصیلی گفتگوکی گئی۔
اس موقع پر وفاقی وزیر علی زیدی نے اسد عمر کو مارچ کی تیاریوں اور تفصیلات سے آگاہ کیا، اسد عمر نے رہنماؤں پر زور دیا کہ عوامی رابطہ مہم جلد شروع کی جائے، اجلاس میں کراچی سمیت سندھ کے تمام اضلاع میں کارنر میٹنگز کرنے پر غورکیا گیا اور بتایا گیا کہ گھوٹکی سے کراچی مارچ میں پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت بھی شریک ہوگی۔